اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرنے میں پاکستانی فیلڈ مارشل نے براہِ راست کردار ادا کیا۔ پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سری لنکن ٹیم کو یہاں رہنے پر شدید تشویش تھی، تاہم ہماری ٹیم نے تمام خدشات دور کیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے سری لنکا کے ڈیفنس منسٹر اور سیکرٹری سے خود بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس مکمل سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ اس یقین دہانی کے بعد سری لنکن صدر نے اپنی ٹیم سے بات کی اور انہیں کھیلنے پر آمادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سری لنکن ٹیم کے ارکان اسٹیٹ گیسٹ ہیں اور انہیں مکمل پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے سری لنکن بورڈ، حکومت اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہادری سے پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ کیا، حالانکہ بورڈ نے فیصلہ کھلاڑیوں پر چھوڑ دیا تھا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وانا اور اسلام آباد کے واقعات میں افغان شہری ملوث ہیں، اور یہ افراد افغانستان سے آ کر ان حملوں میں شامل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ حکومتی سطح پر زیر غور ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا کو پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ دو ون ڈے میچز اور بعد ازاں سہ ملکی سیریز کھیلنی ہے، جبکہ دوسرا ون ڈے کل راولپنڈی میں شیڈول ہے۔



