ضلع ملیر کی شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث خطرناک گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق گرفتار ملزمان درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں اور نیشنل ہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے۔گرفتار ملزمان کی شناخت نور، زبیر، حمید اور مهران کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ اب تک 50 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 25 قیمتی موبائل فون، 2 پستول، اور موبائل فون کی آئی ایم آئی نمبر تبدیل کرنے والی ڈیوائس برآمد کرلی۔ایس ایس پی ملیر کا مزید کہنا تھا یہ کہ ملزمان چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کا سوفٹ ویئر تبدیل کرکے انہیں دوبارہ فروخت کردیا کرتے تھے، جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز کی کل مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کا پرانا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے مہنگے موبائل فون چھیننے کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ گرفتار گینگ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ برآمد شدہ سامان کی نشاندہی کے بعد متاثرہ شہریوں سے رابطہ کیا جائے گا۔



