اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کے آرٹیکل کو جھوٹ، شر انگیزی اور کردار کشی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ رپورٹ من گھڑت کہانیوں پر مبنی ہے اور اس کا مقصد بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کردار کشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی بہادری کے ساتھ جیل میں ہیں اور ایسے ہتھکنڈوں سے انہیں نہیں توڑا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی عدت جیسے الزامات لگائے گئے تھے جو جھوٹے ثابت ہوئے، اسی طرح یہ آرٹیکل بھی بے بنیاد ہے۔ بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ یہ آرٹیکل اسپانسرڈ ہے اور وقت ثابت کرے گا کہ یہ تمام باتیں غلط بیانی پر مبنی ہیں۔
یاد رہے کہ دی اکانومسٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ بشریٰ بی بی عمران خان کے فیصلوں پر اثر انداز ہوتی تھیں اور بنی گالہ میں ان کے آنے کے بعد مختلف رسومات ادا کی جاتی تھیں، جن میں کالے بکرے یا مرغیوں کے سر قبرستان میں پھینکنا، کچا گوشت گھمانا اور لال مرچیں جلانا شامل تھا۔



