رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے قریب تیز رفتار ڈمپر کے ہائی ایس وین اور رکشے سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا، جس میں رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈمپر اوور اسپید تھا اور موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر پہلے ہائی ایس سے ٹکرایا، جس کے فوراً بعد رکشے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زور دار ٹکر کے باعث رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جاں بحق ہونے والے رکشہ ڈرائیور کی شناخت رحیم بخش ولد عبدالرشید، عمر 45 سال کے نام سے کرلی گئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ تمام زخمیوں اور میت کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ٹکر کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر جمع ہوگئی جبکہ ٹریفک بھی کئی گھنٹے تک معطل رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ گاڑی کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی اصل وجہ اوور اسپیڈنگ اور لاپرواہی ہے علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے قریب ٹریفک کی نگرانی اور رفتار کی حد کو سختی سے نافذ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے دل خراش واقعات سے بچا جاسکے۔



