سانگھڑ (حسنین عاشق ساند) فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام گندم کی زیادہ پیداوار اور کھاد کے متوازن استعمال سے متعلق آگاہی سیمینار مقامی نجی ہال میں منعقد ہوا، جس میں زرعی ماہرین، کمپنی کے عہدیداران اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں ملک محمد ریحان (زونل سیلز منیجر)، عبدالصمد ابڑو (ڈویلپمنٹ افسر)، بشپ شیہوانی (ریجنل سیلز منیجر)، اسداللہ کاکا (ڈویژن ڈائریکٹر ایگریکلچر، شہید بینظیر آباد)، بشیر احمد (ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر)، عتیق الرحمان (ڈسٹرکٹ سیلز منیجر)، ارشد اللہ ابڑو (ٹیکنیکل سروسز آفیسر)، ممتاز علی سومرو، یار محمد لغاری اور عبدالرحمان (منیجر زرعی ترقیات) اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔ ماہرین نے اپنے خطابات میں کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ زمین کی بہترین تیاری، معیاری بیج کے استعمال اور کھادوں کے متوازن و بروقت استعمال سے ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی جدید سائنسی تحقیق کے مطابق تیار کردہ کھادیں اور زرعی رہنمائی فراہم کرکے کسانوں کو درپیش مسائل کے حل میں معاونت کر رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ جدید زرعی طریقوں اور تکنولوجی کے استعمال سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی برقرار رہتی ہے۔سیمینار کے اختتام پر کسانوں نے فاطمہ فرٹیلائزر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام کسانوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہیں اور ملکی زرعی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



