نوشہرو فیروز (رپورٹ: مختیار حسین بالادی) نوشہرو فیروز میں پی ٹی سی ایل کا لائن مین خان محمد چاچڑ اس وقت شدید زخمی ہوگیا جب وہ بجلی کے کھمبے پر ڈیوٹی کے سلسلے میں کام کر رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق لائن مین کھمبے پر چڑھا ہوا تھا کہ اچانک ٹیلیفون کی تار کے قریب سے گزرنے والی بجلی کی لائن میں موجود کرنٹ اس کے جسم سے ٹکرایا، جس سے وہ بے قابو ہو کر نیچے جا گرا۔
واقعہ پیش آتے ہی وہاں موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو کرنے کی کوشش کی، تاہم زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے فوری طور پر سول اسپتال نوشہرو فیروز منتقل کیا گیا، جہاں میڈیکل ٹیم نے اس کا علاج شروع کر دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق گرنے اور کرنٹ لگنے کے باعث اسے شدید چوٹیں آئی ہیں۔
علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مختلف محکموں کے عملے کو بغیر مناسب حفاظتی آلات کے کھمبوں پر چڑھ کر کام کرنا پڑتا ہے، جس کے سبب اس طرح کے حادثات بار بار پیش آتے ہیں۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو حفاظتی سامان فراہم کیا جائے تاکہ انسانی جانوں کو لاحق خطرات کم ہوں۔
واقعے کے بعد پی ٹی سی ایل ملازمین میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ ساتھی عملے نے خان محمد چاچڑ کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔



