سانگھڑ (حسنین عاشق ساند) ضلع پولیس کیجانب سے منشیات فروشوں اور مختلف مقدمات میں مفرور ملزمان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ مختلف تھانوں کی کارروائیوں کے دوران دو کلو 90 گرام چرس، سیکڑوں پڑیاں گٹکا، 40 لیٹر شراب برآمد کرکے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک مشتبہ موٹرسائیکل کو بھی چالان کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او ٹنڈوآدم شہاب اکبر کولاچی نے کارروائی کرتے ہوئے چرس کے ڈیلر غلام علی مکرانی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1500 گرام چرس برآمد کی۔ایک اور کارروائی میں منشیات فروش محمد حسن ملوکھانی، محمد اصغر جدگال، ضیاء الرحمن اور سہیل رند کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 40 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ ایس ایچ او سنجھورو محمد علی زرداری نے مقدمہ نمبر 88/2025 کے تحت مطلوب روپوش ملزم فدا حسین کو گرفتار کر لیا۔دوسری کارروائی میں چرس ڈیلر بابر علی چانگ کو 590 گرام چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔ ایس ایچ او کھپرو محمد شریف جمالی نے منشیات فروش ارسلان ملک سے 1050 پڑیاں گٹکا برآمد کیں۔ ایس ایچ او کھاہی منیر احمد جتوئی نے مقدمہ نمبر 68/2025 زیر دفعہ 3/4 پی ایچ او میں گرفتار ملزم محمد سلیم مری کے خلاف قومی شناختی کارڈ پیش نہ کرنے پر 14 فارنر ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کیا۔ مزید کارروائی میں مقدمہ نمبر 71/2025 قتل کیس کے ملزم لالو بھیل کے خلاف بھی شناخت چھپانے پر 14 فارنر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ایس ایچ او بیرانی اسد نواز خاصخیلی نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش بیجو کولھی سے 350 پڑیاں گٹکا برآمد کیں۔ ایس ایچ او امیر علی شاہانی نے راجہ چانڈیو کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 100 پڑیاں گٹکا برآمد کیں۔ ایس ایچ او سرہاری وسیم احمد ارباب نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ موٹر سائیکل کو سیکشن 550 سی آر پی سی کے تحت چالان کیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ ضلع میں منشیات اور جرائم کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔



