کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ساتھی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ مبینہ خاموش رقابت کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
اپنی نئی فلم نیلوفر کی تشہیر کے دوران فواد خان کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ماہرہ خان سے ایک مداح نے سوال کیا کہ میڈیا ہمیشہ آپ اور صبا قمر کے درمیان خاموش دشمنی کی بات کرتا ہے، کیا یہ درست ہے؟ اس پر ماہرہ نے کہا کہ "بالکل بھی نہیں، مجھ سے یہ سوال کئی مرتبہ کیا گیا ہے اور میرا جواب ہمیشہ یہی رہا ہے کہ میری طرف سے ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔”
انہوں نے صبا قمر کو ایک بہترین اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جب دو مضبوط اور کامیاب خواتین ایک ساتھ نظر آتی ہیں تو لوگ انہیں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور مصنوعی رقابت کا تاثر پیدا کرتے ہیں۔ ماہرہ نے کہا کہ بجائے اس کے کہ انہیں ایک ساتھ کام کرتے دیکھیں، میڈیا اور عوام اکثر مقابلے کی فضا بنا دیتے ہیں، حالانکہ اس سے فائدہ صرف باقی لوگوں کو ہوتا ہے۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ انہوں نے ابھی تک صبا قمر کے ساتھ کسی پروجیکٹ میں کام نہیں کیا، لیکن اگر کبھی موقع ملا تو وہ ضرور ان کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی۔ ان کے مطابق اگر دونوں کسی پروجیکٹ میں اکٹھے ہوں تو وہ ایک شاندار اور یادگار پروجیکٹ ثابت ہوسکتا ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ماہرہ خان اور صبا قمر دونوں کو صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ماہرہ خان نے بول اور ہمسفر جیسے پروجیکٹس سے شہرت حاصل کی جبکہ صبا قمر نے باغی اور بالی وڈ فلم ہندی میڈیم سے عالمی سطح پر پہچان بنائی۔ دونوں اداکاراؤں کی کامیابی اور مقبولیت کے باعث میڈیا میں اکثر ان کے درمیان رقابت کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں، تاہم ماہرہ خان کے حالیہ بیان نے اس تاثر کو رد کر دیا ہے۔



