ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ وہ آج بھی ایک معصوم بچے کی طرح خواہشات کرتے ہیں اور اگر کوئی ان سے پوچھے تو وہ کہتے ہیں کہ 200 سے 250 سال تک زندہ رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی ایک ویڈیو ریڈٹ سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔ ویڈیو میں ہدایتکار اور کوریوگرافر فرح خان شاہ رخ کو بتا رہی ہیں کہ ان دنوں ان کا ایک پرانا انٹرویو کلپ دوبارہ وائرل ہوا ہے، جس میں میزبان نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا ان کا اسٹارڈم کبھی ختم ہوگا؟ اس پر شاہ رخ نے کہا تھا کہ وہ اگلے 100 سال تک اسٹار رہیں گے۔
فرح خان نے اس وائرل کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ نے یہ الفاظ اتنے اعتماد کے ساتھ کہے تھے کہ ایسا لگتا ہے جیسے وہ جو کہتے ہیں وہ حقیقت بن جاتا ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنی وضاحت میں 2007 کی فلم اوم شانتی اوم کے "مینی فیسٹیشن آئیڈیا” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خواہشات کو بچے کی طرح ظاہر کرتے ہیں اور ان کے پورا ہونے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ان سے پوچھے کہ وہ کب تک زندہ رہیں گے تو وہ جواب دیتے ہیں: "200 سے 250 سال تک تو زندہ رہوں گا۔”
شاہ رخ خان بالی وڈ کے سب سے بڑے اسٹارز میں شمار ہوتے ہیں، جنہیں "کنگ خان” کہا جاتا ہے۔ ان کا کیریئر تین دہائیوں پر محیط ہے اور وہ نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ اوم شانتی اوم ان کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے، جس میں "مینی فیسٹیشن” یعنی خواہش کو حقیقت بنانے کا تصور نمایاں کیا گیا تھا۔ شاہ رخ خان اکثر اپنی گفتگو میں مثبت سوچ اور خواہشات کی طاقت پر زور دیتے ہیں، جو ان کے مداحوں کے لیے متاثر کن پیغام بن جاتا ہے



