وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں بی آر ٹی ریڈ لائن، شہری ٹرانسپورٹ، انفرا اسٹرکچر اور موسمیاتی تحفظ کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر حکام شریک تھے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ریڈ لائن منصوبے کے مسائل حل ہونے پر بریفنگ دی، جس پر وزیراعلیٰ نے اظہارِ اطمینان کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ حکومت کا دیرینہ اور قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے، اور ٹرانسپورٹ، پانی، موسمیاتی تحفظ اور انفرا اسٹرکچر میں پائیدار اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ریڈ لائن منصوبے کی تمام رکاوٹیں دور کر کے کام تیز کیا جائے گا۔
اے ڈی بی کنٹری ڈائریکٹر نے سندھ حکومت کے عزم اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے شہری ٹرانسپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے شراکت داری جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اجلاس میں بی آر ٹی کے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے پر اتفاق ہوا۔
مزید برآں، ایمافین نے بتایا کہ کوسٹل ڈویلپمنٹ پروجیکٹ منظوری کے مراحل میں ہے اور جلد منظور ہو جائے گا۔ اجلاس میں کراچی کے اہم منصوبے ٹی پی 4 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جسے وزیراعلیٰ نے شہر کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے اے ڈی بی سے مزید تعاون کی درخواست کی۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں شمار ہوتا ہے، جو شہری ٹرانسپورٹ، پانی، انفرا اسٹرکچر اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتا رہا ہے۔ کراچی میں بی آر ٹی ریڈ لائن اور ٹی پی 4 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ جیسے منصوبے نہ صرف شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں بلکہ ماحولیاتی دباؤ کم کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ سندھ حکومت اور اے ڈی بی کی شراکت داری اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی ادارے پاکستان کے شہری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہے ہیں۔



