تھائی لینڈ میں منعقدہ مس یونیورس 2025 کے فائنل میں میکسیکو کی 25 سالہ فاطمہ بوش نے تمام تنازعات اور دباؤ کے باوجود شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مس یونیورس کا ٹائٹل جیت لیا۔ اس مقابلے میں دنیا کے 120 ممالک کی حسیناؤں نے حصہ لیا تھا۔
فائنل کے نتائج کے مطابق تھائی لینڈ کی امیدوار رنر اپ قرار پائیں، جبکہ وینزویلا اور فلپائن کی حسینائیں بھی ٹاپ فائیو میں شامل رہیں۔ پاکستان کی نمائندگی 25 سالہ روما ریاض نے کی، اور فلسطین کی پہلی حسینہ نادین ایوب بھی اس عالمی مقابلے میں جلوہ گر ہوئیں۔
فاطمہ بوش نے میکسیکو میں فیشن ڈیزائن کی تعلیم حاصل کی ہے اور وہ سماجی مسائل اجاگر کرنے کے لیے بھی سرگرم رہتی ہیں۔ اس سے قبل ستمبر 2025 میں انہوں نے مس میکسیکو کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔
مس یونیورس 2025 کا مقابلہ اس سال خوبصورتی سے زیادہ تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہا۔ چند ہفتے قبل ایک تقریب کے دوران مس یونیورس کے ایک اعلیٰ ڈائریکٹر نے فاطمہ بوش کی تضحیک کرتے ہوئے انہیں "بے وقوف” کہا تھا۔ اس واقعے کے بعد فاطمہ نے مؤقف اختیار کیا کہ خواتین کو عزت دینا ضروری ہے، خاص طور پر وہ خواتین جو اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہوں۔ اس واقعے کے بعد کئی امیدواروں نے فاطمہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجاً واک آؤٹ کیا، جس نے مقابلے کو عالمی سطح پر مزید متنازع بنا دیا۔



