جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 84 افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مختلف حادثات میں 95 افراد زخمی ہوئے جبکہ 65 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ ہزاروں افراد کو اپنے گھروں سے بے دخل ہونا پڑا اور متاثرہ علاقوں میں زندگی کا نظام بری طرح درہم برہم ہوگیا۔
انڈونیشین حکام نے بتایا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام اور بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انڈونیشیا قدرتی آفات کے لحاظ سے حساس ملک ہے جہاں اکثر زلزلے، آتش فشاں اور شدید بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آتے ہیں۔ سماٹرا جزیرہ ماضی میں بھی کئی بار قدرتی آفات کا شکار رہا ہے۔ حالیہ بارشوں کو ماہرین موسمیاتی تبدیلی اور غیر معمولی موسمی پیٹرنز سے جوڑ رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں انسانی جانوں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ رہا ہے۔



