سڈنی : آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے اپنی دیرینہ ساتھی جوڈی ہیڈن سے شادی کرلی، یوں وہ ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے جنہوں نے عہدے پر رہتے ہوئے شادی کی۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق یہ تقریب دارالحکومت کینبرا میں "دی لاج” پر منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ البانیز نے کہا: "ہم اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کے سامنے اپنی محبت اور آئندہ زندگی ایک ساتھ گزارنے کے عزم کو بانٹ کر بے حد خوش ہیں۔”
جوڈی ہیڈن، جو البانیز کے ساتھ انتخابی مہم اور مختلف تقریبات میں شریک رہی ہیں، نے سڈنی کے ڈیزائنر "Romance Was Born” کا لباس زیب تن کیا، جبکہ وزیراعظم نے MJ Bale کا سوٹ پہنا۔ تقریب میں ہیڈن کی پانچ سالہ بھانجی ایلا نے "فلاور گرل” کا کردار ادا کیا اور وزیراعظم کے کتے "ٹوٹو” نے رنگ بیئرر کا۔
مہمانوں کو سڈنی کے Inner West علاقے کی بریوری "Willie the Boatman” کے خصوصی کین میں تیار کردہ بیئر پیش کی گئی۔ شادی کے بعد جوڑا اسٹیوی ونڈر کے گانے “Signed, Sealed, Delivered (I’m Yours)” پر aisle سے واپس آیا، جبکہ پہلی ڈانس کے لیے فرینک سیناترا کا کلاسک گانا “The Way You Look Tonight” منتخب کیا گیا۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق جوڑا پیر سے جمعہ تک آسٹریلیا میں ہی ہنی مون منائے گا، جس کے تمام اخراجات البانیز اور ہیڈن نے خود برداشت کیے ہیں۔



