لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر مرلے، کنال اور ایکڑ زمین پر صرف اصل مالک کا ہی قبضہ ہوگا۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت دی کہ زمین یا پراپرٹی پر قبضے سے متعلق درخواستیں ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں، جہاں دنوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں پراپرٹی آرڈیننس کے مؤثر نفاذ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک ایک ہزار پانچ خاندانوں کو 48 گھنٹوں کے اندر زمین کی ملکیت کا حق واپس مل چکا ہے۔ مزید یہ کہ پنجاب میں خواتین کے زمین سے متعلق مقدمات کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ زمین کا اصل مالک جب تک قبضہ نہ لے، فیصلہ ادھورا ہے۔ فیصلہ صرف کاغذ پر نہیں ہوگا بلکہ عملی طور پر اصل مالک کو زمین کا قبضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زمین کے مقدمات میں فیصلے کے بعد فوری قبضہ دیا جائے گا اور کسی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔



