کراچی: اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ فواد عالم نے 24 اور عبدالرزاق نے 19 رنز اسکور کیے۔ آسٹریلیا کے مارک کلیری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 22 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
151 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 19 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا۔
اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 12 بین الاقوامی ٹیموں نے حصہ لیا اور 42 میچز کراچی میں کھیلے گئے۔ ایونٹ کے تمام مقابلے جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے گئے۔
اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایک منفرد ایونٹ ہے جس میں سابق انٹرنیشنل کرکٹرز اور تجربہ کار کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد کرکٹ کے شائقین کو سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی دوبارہ دیکھنے کا موقع فراہم کرنا اور کھیل کو ہر عمر کے افراد میں فروغ دینا ہے۔ پاکستان نے اس ایونٹ کی میزبانی کرتے ہوئے دنیا بھر کی ٹیموں کو کراچی میں خوش آمدید کہا، جس سے نہ صرف کرکٹ کو فروغ ملا بلکہ شہر کی اسپورٹس سرگرمیوں کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا۔



