اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کے نوٹیفکیشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈال رہے، یہ تاثر بالکل غلط ہے۔
ان کے مطابق نواز شریف نے کبھی سی ڈی ایف کے بارے میں اس نوعیت کا خیال ظاہر نہیں کیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نواز شریف کی گفتگو کو بلاوجہ اس معاملے سے جوڑا جا رہا ہے، جبکہ ان کے بیان کا پس منظر کچھ اور تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی آئینی ترامیم ہوئی ہیں وہ نواز شریف کی بطور پارٹی سربراہ منظوری سے ہوئی ہیں۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ کسی بھی معاملے کے زیر غور ہونے اور اس پر فیصلہ ہونے میں فرق ہوتا ہے۔ سی ڈی ایف ایک نیا اور اہم ادارہ ہوگا، اس لیے نوٹیفکیشن عجلت میں نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد جتنا وقت اس کے لیے ضروری ہوگا، اسی حساب سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے مطابق نوٹیفکیشن کے بعد اس کی مدت پانچ سال ہوگی۔
پی ٹی آئی کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر کوئی معاملہ دھمکی یا احتجاج کے ساتھ اٹھایا جائے گا تو قانون کا نفاذ بھی اسی انداز میں ہوگا۔ ا
نہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی رہنما بھارتی چینلز پر جا کر ہرزہ سرائی کرتے ہیں اور دھمکیاں دیتے ہیں، جس کا جواب قانون کے مطابق دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی وفد اسپیکر کے پاس آیا تھا اور ہم نے انہیں کہا تھا کہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد یہ معاملہ ان کے سامنے رکھا جائے گا، لیکن وفد کے جانے کے فوراً بعد وزیراعلیٰ کی دھمکی آگئی۔ ایسے اقدامات کے لیے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔



