مورو رپورٹ رضوان علی جمانی
مورو، مناہی، نوان جتوئی، دیپرجا اور گردونواح کے دیگر دیہات کے مکینوں نے گیس کی مکمل لوڈشیڈنگ کے خلاف مورو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے گیس کی بندش کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی روز سے مورو، مناہین اور گردونواح میں گیس کی غیر قانونی بندش ہے جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ناشتہ اور رات کا کھانا پکانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج کر دی ہے۔ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ چھوٹے دکاندار اور ہوٹل مالکان بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں تاہم متعدد شکایات کے باوجود محکمہ گیس نے کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہے اور چار ماہ سے مکمل طور پر بند ہے جس کی وجہ سے شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مورو، مناہین اور اس کے گردونواح میں گیس کی باقاعدہ اور بلاتعطل فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے اور عوام کی شکایات کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی جائے۔ احتجاجی رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر گیس کی فراہمی جلد بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیں اور گیس کے مسائل حل کریں تاکہ شہری اپنی روزمرہ کی زندگی بہتر طریقے سے گزار سکیں۔



