لاڑکانہ سے الہداد چانڈیو کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز سندھ کے تاریخی مقام موہنجو داڑو پر غیر ملکی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ تیز رفتاری سے جاری ہے۔ موسم بہتر ہونے کے باعث کئی ممالک سے غیر ملکی سیاح تفریح کے لیے موہنجو داڑو پہنچ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اٹلی سے 12 غیر ملکیوں کا وفد گزشتہ روز سیاحت کے لیے موہنجو داڑو پہنچا۔ غیر ملکی سیاحوں کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ وفد نے موہنجو دڑو کے مختلف قدیم ثقافتی آثار کا دورہ کیا جن میں اسٹوپا، عظیم حمام، میوزیم، ڈی کے ایریا، منیر ایریا شامل ہیں اور خوب لطف اندوز ہوئے۔ اس دوران محکمہ سیاحت سندھ کی جانب سے مقرر کردہ گائیڈ ارشاد سولنگی نے غیر ملکی سیاحوں کو موہنجو داڑو اور اس کے آثار کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔ اس موقع پر اٹلی سے آنے والے سیاحوں کا کہنا تھا کہ وہ یہاں آ کر بہت خوش ہیں کیونکہ موہنجو دڑو کی سیر کرنا ہماری خواہش تھی جبکہ موہنجو دڑو ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہم موہنجو دڑو کے قدیم کھنڈرات کی سیر کر سکتے ہیں۔ موہنجو داڑو کے کیوریٹر احسان عباسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سیاح روزانہ کی بنیاد پر موہنجوداڑو آرہے ہیں، جب کہ ان کی سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔



