پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، اگر ان سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے تو سیاسی معاملات بہتری کی طرف جا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے اور سیاسی رہنما ایک دوسرے کو ذہنی مریض یا خطرہ قرار دیں تو یہ افسوس ناک ہے۔
بیرسٹر گوہر نے ملک کے دفاع کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے، اس وقت ضرورت ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں، جگہ دیں اور اعتماد کے فقدان کو ختم کریں کیونکہ ملک مزید تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے تمام جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی تناؤ کم کرنے میں کردار ادا کریں۔



