اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوج پر تنقید ہم نے بھی کی لیکن کبھی سرخ لکیر عبور نہیں کی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے نیوز کانفرنس میں ان کا ردعمل فطری اور قدرتی تھا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی دہشتگردی کے خلاف جنگ کو اپنی جنگ نہیں سمجھتی، شہیدوں کے جنازے میں شریک نہیں ہوتی اور اس کے بجائے بھارتی میڈیا کو پاکستان کے خلاف انٹرویوز دیتی ہے تو پھر انہیں وہی جواب سننے کو ملے گا جو دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار پانچ سال میں حالات خراب ہونے کی ذمہ داری عمران خان پر ہے۔ ان کی ہمشیرہ کی بھارتی میڈیا سے گفتگو فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوئی، اور بھارت کے ساتھ کشیدہ ماحول میں یہ انٹرویو جان بوجھ کر دیا گیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہورہا ہے وہ پی ٹی آئی کی مرضی سے ہے، لیکن کیا کبھی انہوں نے اس کی مذمت کی ہے؟ ان کے مطابق بیرسٹر گوہر کو پارٹی میں اہمیت نہیں دی جاتی اور ورکرز ان کے خلاف بیانات دیتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہے، جبکہ تحریک انصاف کھلے عام اس جنگ کی مخالفت کرتی ہے۔



