اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کے تمام اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اقدامات ملک کے مفاد کے خلاف ہیں اور یہ جماعت سیاسی جماعت کے زمرے میں نہیں آتی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ 20 سے 25 سال پہلے ہی کئی لوگوں نے بانی پی ٹی آئی کو "پلانٹڈ شخص” قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کے حالیہ بیان پر حکومت ضرور غور کرے گی۔
انہوں نے ایم کیو ایم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایم کیو ایم نے اپنے بانی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، اسی طرح پی ٹی آئی کے اندر بھی تضادات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر باقی جماعتوں پر حملے کیے ہیں، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی نہ کوئی تعلق ضرور ہوگا۔



