کراچی: عوامی پریس کلب ملیر میں سندھ کلچرل فورم کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس مرحوم مَلھ پہلوان جان محمد صابرو کی یاد میں منعقد کیا گیا، جنہوں نے اپنی زندگی مَلھ کے کھیل کو فروغ دینے اور پہلوانوں کو عزت و مقام دلانے کے لیے وقف کر دی۔
سندھ کلچرل فورم کے مرکزی چیئرمین صادق لاکو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جان محمد صابرو نے مَلھ کو ایک تحریک کی صورت دی اور سندھ مَلھ ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی، تاکہ اس کھیل کو منظم انداز میں ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ صابرو نے سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں بڑے بڑے ملاکڑے منعقد کروائے اور سندھ کے پہلوانوں کو قومی سطح پر شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر مقررین محمد شریف جاکھرو، سید غفور شاہ، جمشید زہرانی، سجاد شاہ اور سامی میمن نے کہا کہ سندھ کلچرل فورم مَلھ کو سندھ کی قومی ثقافتی کھیل کے طور پر تسلیم کروانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم جان محمد صابرو ٹھٹھہ میں مَلھ ایسوسی ایشن کے بانی صدر بھی رہے۔
آخر میں مقررین نے کہا کہ مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی مزار پر حاضری دی گئی اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔



