ملیر (نامہ نگار)
جیئے سندھ محاذ ریاض چانڈیو کے زیرِ اہتمام عوامی پریس کلب ملیر میں مزدور کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں جیئے سندھ محاذ کراچی ڈویژن کے صدر ضمیر حاجانو، ضلع ملیر کے صدر فیض سندھی، مارو شر، ایس یو پی کے رہنما شیراز سولنگی، جدوجہد کمیٹی کے رہنما اقبال کلمتی، سعید سولنگی سمیت بڑی تعداد میں محنت کشوں نے شرکت کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی بالخصوص ملیر میں سینکڑوں فیکٹریاں موجود ہونے کے باوجود مقامی مزدوروں کو روزگار سے محروم رکھا جا رہا ہے، اور اگر کسی کو ملازمت مل بھی جائے تو اس کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک کیا جاتا ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعدد فیکٹریوں میں غیرقانونی طور پر کالونیاں قائم کرکے دوسرے صوبوں سے افراد لا کر بھرتی کیے جا رہے ہیں، جبکہ مقامی لوگ بے روزگار ہیں رہنماؤں نے مزید کہا کہ سورتی انڈسٹریل زون، لانڈھی انڈسٹریل زون، پورٹ قاسم انڈسٹریل زون، قاسم ڈینم ٹرمینل ون اور آئی آئی فیکٹریوں سے خارج ہونے والا دھواں، گندا پانی اور ماحولیاتی آلودگی مقامی آبادی اور دیہاتیوں کو شدید متاثر کر رہی ہے، اس کے باوجود یہاں کے لوگوں کو روزگار دینے سے گریز کیا جا رہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ لیبر قوانین میں صاف طور پر درج ہے کہ جہاں بھی کوئی فیکٹری قائم ہوگی وہاں روزگار پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہوگا، مگر اس قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر مقامی سندھی مزدوروں کو ان کے جائز حقوق نہ دیے گئے تو متعلقہ فیکٹریوں کے خلاف سخت احتجاجی تحریک چلائی جائے گی



