پاکستانی شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابق اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ حال ہی میں اداکار احمد علی بٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی شادی، خلع اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
رابی پیرزادہ نے بتایا کہ ان کی شادی ہوئی تھی لیکن ازدواجی زندگی میں مسائل کے باعث انہوں نے خلع لے لی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات وہ پہلی بار عوام کے سامنے لا رہی ہیں، اس سے قبل انہوں نے کبھی اس کا ذکر نہیں کیا۔
دوبارہ شادی کے حوالے سے سوال پر رابی پیرزادہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق زندگی میں نئے فیصلے کرنے کا وقت آتا ہے اور وہ اس حوالے سے مثبت سوچ رکھتی ہیں۔
میزبان احمد علی بٹ کے سوال پر کہ کوئی ایسا سمجھوتہ جو نہیں کرنا چاہیے تھا، رابی پیرزادہ نے جواب دیا کہ انہیں اپنے والدین کے دباؤ میں آکر شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی شادی ایک وَٹا سَٹا (exchange marriage) تھی، جو ان کے خیال میں درست فیصلہ نہیں تھا۔
انٹرویو کے دوران رابی پیرزادہ نے اپنے سوشل ورک اور زندگی کے نئے سفر کے بارے میں بھی گفتگو کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ذاتی اور سماجی دونوں سطحوں پر نئے آغاز کی خواہش رکھتی ہیں۔



