جام نوازعلی رپورٹ حاکم علی بلوچ
گورنمنٹ بُڑی امان ہائر سیکنڈری اسکول بیرانی اور گورنمنٹ ہائی اسکول جان محمد کلوئی میں سالانہ انسپیکشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ای او سیکنڈری سانگھڑ غلام مصطفیٰ لغاری، ڈی ای او پرائمری سانگھڑ تاج محمد داہری، ای او غلام شبیر خاصخیلی، ڈی ای او ٹریننگ اصغر علی مہر سمیت مختلف اسکولوں کے سینئر ہیڈ ماسٹرز، میڈم ریحانہ زیدی، ہیڈ ماسٹر راؤ ناصر علی، ٹی ای او محبوب علی خاصخیلی، ہیڈ ماسٹر مول چند سوٹھر، گسٹا جام نوازعلی کے جنرل سیکریٹری انصار علی لسکانی، گسٹا ٹنڈو آدم کے جنرل سیکریٹری ابرار احمد، چیئرمین ایس ایم سی بہرام خان مری اور بڑی تعداد میں اساتذہ نے بطور انسپیکشن ٹیم شرکت کی۔
اس موقع پر میزبان ہیڈ ماسٹر سومار خان چاکرانی، ارشد علی راجپوت اور گسٹا جام نوازعلی کے صدر میر محمد خاصخیلی نے آنے والے معزز مہمانوں کو پھولوں کے ہار اور سندھ کی ثقافتی سوغات اجرک پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا۔
ڈی ای او سانگھڑ غلام مصطفیٰ لغاری نے کلاسز کا دورہ کیا اور طلبہ سے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے سوالات کیے۔ انہوں نے کہا کہ نقل کلچر ایک ناسور بن چکا ہے جس کے خاتمے کے لیے سخت جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں، جبکہ کوتاہی برتنے والے طلبہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اسکول میں بہتر انتظامات پر تدریسی عملے کو سراہا، جبکہ اسکول کے طلبہ کی جانب سے ٹیبلو اور پی ٹی شو پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔



